حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،فرانس کے صدر میکرون نے ہفتے کے روز الجزیرہ ٹیلیویژن سے گفتگو میں اسلام مخالف اپنے موقف سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر مسلمانوں کے احساسات کو سمجھتے ہیں اور کچھ لوگ ہیں جو اسلام کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرتے اور اس کا دفاع کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خاکوں کی اشاعت کوئی سرکاری مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق اخبارات سے ہے جس کا حکومت سے کوئی ربط نہیں ہے۔
اس سے قبل فرانس کے صدر میکرون نے فرانسیسی جریدے کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا دفاع کرتے ہوئے اس جریدے کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ میکرون نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ فرانس کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔